• news

اردن حملہ، ایرانی حمایت یافتہ گروپ ملوث، جواب دینگے: امریکہ، امید ہے فریقین پرامن رہیں گے، چین

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک + این این آئی) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر افسوس ہے۔ صدر بائیڈن اور میں امریکی فورسز پر حملوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ پینٹاگون کے مطابق زخمی فوجیوں کی تعداد 40 ہو گئی۔ ایرانی حمایت یافتہ عراقی حزب اﷲ بریگیڈ ملوث ہے۔ ایران ان گروپوں کو فنڈز دیتا ہے۔ اپنی فوج پر حملوں کا جواب دیں گے۔ مشیر امریکی قومی سلامتی جان کربی نے کہا فوجیوں پر حملہ تنازعہ بڑھانے کیلئے تھا۔ جواب اپنے شیڈول‘ وقت اور منتخب طریقے سے دیں گے‘ مختلف آپشنز زیرغور ہیں۔ اردن حملے کا جواب دیا جائے گا۔اردن میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کے بارے میں چین کی وزرات خارجہ نے کہا کہ امید ہے تمام متعلقہ فریق پرامن رہیں گے۔ امریکہ اپنے آپ پر قابو رکھے اور کشیدگی کو بڑھانے سے بچے۔امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ طے کر لیا ہے امریکی فوجیوں پر حملے کا جواب کیسے دینا ہے۔ منگل کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے۔ امریکا کو مشرق وسطیٰ میں وسیع جنگ کی ضرورت نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن