جماعت اسلامی کا دھوبی گھاٹ جلسہ: ڈی سی فیصل آباد سے آج جواب طلب
لاہور(خبر نگار)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے فیصل آباد دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جماعت اسلامی کو جلسے کی اجازت کی درخواست پر ڈی سی فیصل آباد کو آج کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا جماعت اسلامی نے 23 جنوری کو ڈی سی فیصل آباد کو جلسے کیلئے خط لکھا، کسی دوسری سیاسی جماعت نے 2 فروری کیلئے جلسے کی اجازت نہیں مانگی۔24 جنوری کو ڈی سی فیصل آباد نے سی پی او آفس کو معاملہ ریفر کر دیا، 24 جنوری کو ڈی سی فیصل آباد سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے کسی دوسری سیاسی جماعت کے جلسے کی کوئی بات نہیں کی۔ مسلم لیگ ن کو 2 فروری کیلئے جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کی ڈی سی فیصل آباد کو 20 جنوری کی درخواست ظاہر کی گئی ہے، مسلم لیگ ن کی درخواست پر کوئی ڈائری نمبر نہیں، درخواست پچھلی تاریخ میں ظاہر کی گئی ہے۔ عدالت جماعت اسلامی کو مذکورہ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔