گجرات: (ن) لیگی رہنما ساتھیوں سمیت (ق) لیگ میں شامل‘ شافع اور سالک کی حمایت
گجرات (نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار برائے چیئرمین یو سی 4 مرزا عبدالرؤف نے اپنے تمام سابق کونسلرز، ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر امیدوار این اے 64 چوہدری سالک حسین، امیدوار پی پی 31 چوہدری شافع حسین کی موجودگی میں مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہمارے ساتھیوں کو سپین میں بیٹھا شخص دھمکیاں دے رہا ہے مگر گجرات کے لوگ گھبرائیں نہیں۔ ہم اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ تم کو فوارہ چوک میں لٹکایا جائے گا۔ امیدوار این اے 64چوہدری سالک حسین نے کہا کہ عوامی خدمت ہمارا خاندانی مشن ہے جو ہمارے بزرگوں سے چلتا ہوا آ رہا ہے۔ الحمد للہ ہم اللہ کے حضور سرخرو رہے، ہم جھوٹے دعوے کرنے کے قائل نہیں۔