لیسکو، فیسکو آپریشن، مزید 437 بجلی چور پکڑے گئے، ایک کروڑ 23 لاکھ کے جرمانے
لاہور‘ فیصل آباد (این این آئی+ نمائندہ خصوصی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران کل413کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 187کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ 9 کوگرفتار کرایا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 335213 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 11052739 روپے بنتی ہے۔ فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران مزید 24بجلی چوروں کو پکڑ لیا گیا جن کو 30ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 12لاکھ 49ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں 145روزکے دوران مجموعی طورپر 5772 بجلی چوروں کو ایک کروڑ39لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 63 کروڑ 89 لاکھ سے زائدکے جرمانے عائد کئے گئے۔ فیسکو ریجن میں مجموعی طورپر 5391بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کردیا گیا ہے۔ جبکہ 4668بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بجلی چوروں سے 44 کروڑ 71لاکھ سے زائد کی ریکور ی بھی کر لی گئی ہے۔کامونکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو بجلی چور گرفتار کر لئے گئے۔ درگاہ پور میں چھاپہ مار کربجلی چوری کرتے ہوئے وکیل نامی شخص جبکہ بیگ پور روڈ سادھوکی میں علی رضا رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے پکڑا گیا۔