• news

چینی سفیر کی ائرچیف سے ملاقات،  تعاون کی وسعت پر اتفاق 

 اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے  ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی تزویراتی صورتحال اور علاقائی سلامتی سمیت مشترکہ اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معززین نے ملاقات کے دوران تمام تر شعبہ جات میں آپریشنل تربیت کے لیے موجودہ فریم ورک کی تشکیلِ نو اور جدید سکیورٹی چیلنجز کے تناظر  میں عسکری تیاریوں اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو 'نیکسٹ جنریشن ایئر فورس' بنانے کے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک کے  ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جانب سے چین کے ساتھ انسانی وسائل اور تکنیکی شعبے سمیت ہوا بازی کی صنعت میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے مل کر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا، "پاکستان، چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی و دفاعی تعلقات اور آزمائش کی ہر گھڑی میں پاک-چین  بے مثال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں"۔ معزز مہمان نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن