جامعات کو فنڈنگ ذرائع پیدا کرنے کیلئے انڈسٹریز کیساتھ روابط کوبڑھانا ہوگا:شاہد منیر
لاہور(لیڈی رپورٹر) چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسرڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ جامعات کو فنڈنگ کے متبادل ذرائع پیدا کرنے کیلئے اپلائیڈ ریسرچ اور انڈسٹریز کے ساتھ روابط کو فروغ دینا ہوگا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف میٹلرجی اینڈ میٹریلز انجینئرنگ اور آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائیزیشن کے زیر اہتمام ’فرنٹئیرز آف انجینئرنگ میٹیریلز‘پر سمپوزیم سے خطاب کررہے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ میٹیریلزاور میٹلرجی ایسے شعبے ہیں جن کے تحقیقی کام پر آئندہ 50برس تک بھی زوال نہیں آئے گا۔ اسی طرح حیرت انگیز مصنوعات تیار کرنے کیلئے نئے مواد کی دریافت تحقیق کا مرکز رہے گی۔رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایک نینو پیپر تیار کیا ہے جوفولاد سے زیادہ مضبوط ہے اور اسے گولی بھی نہیں توڑ سکتی۔ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر اور انڈسٹری سے روابط کو فروغ دینے کیلئے اورک کو دوبارہ فعال کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان درانی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں میٹریلز سے متعلق ہر طرح کی سہولیات ہیں جس سے انڈسٹری والے استفادہ کر سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محسن علی رضا نے کہا کہ ہمارے ساتھ انڈسڑیاں مل کر کام کریں تو ہم مسائل کا حل دے سکتے ہیں۔