بانی پی ٹی آئی کا الیکشن لڑنے کی اجازت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع، کاغذات مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج
اسلام آباد (آئی این پی) عام انتخابات کے انعقاد سے محض 8 روز قبل بانی پی ٹی آئی نے الیکشن لڑنے کی اجازت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر دی گئیں جس میں این اے 89 اور این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کیا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا کہ ان کو سنائی گئی سزا اخلاقی بنیاد پر نہیں دی گئی اور اس بنیاد پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیا جانا غلط ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا 16 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کے قومی اسمبلی کے حلقے 89 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے اور انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔