• news

مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، 3بے گناہ کشمیریوں کیخلاف فرد جرم عائد

سرینگر  (اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی   زیر  تسلط  جموں وکشمیر میں محاصرے‘ تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ (ایس آئی یو) نے ضلع بارہمولہ کی ایک عدالت میں 3 بے گناہ کشمیریوں کے خلاف  جھوٹے مقدمے میں فرد مجرم عائد کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی یو نے کشمیری نوجوانوں شوکت علی اعوان، احمد دین کھٹانہ اور محمد صدیق کھٹانہ کے خلاف گزشتہ سال درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی کی خصوصی عدالت میں فرد جرم عائد کی ہے۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ایک بے گناہ کشمیری نوجوان کی غیرقانونی نظربندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو اسے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے مارکسسٹ کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ بھارتی قابض فوج اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں شروع کی گئی خودساختہ مردم شماری کی وجہ سے کشمیری عوام میں بڑے پیمانے پر تشویش پائی جاتی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف تاریگامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ علاقے میں شروع کی گئی خود ساختہ مردم شماری کی وجہ سے کشمیریوں میں بڑے پیمانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن