پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن 5 فروری کو ہونگے
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ تحریک انصاف کے تمام رجسٹرڈ ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ پارٹی ممبران اپنا ووٹ 'رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول' کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔31 جنوری 2024 تک رجسٹرڈ تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی۔ الیکشن کے تفصیلی طریقہ کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے۔ پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا۔ الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹریبونل کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی یکم سے 2 فروری 2024 تک تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل 3 فروری 2024 کو ہو گا۔ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری 2024 رات 10 بجے تک ہوگا۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری 2024 بروز منگل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹراپارٹی انتخابات میں جانثارانِ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے نام سے گروپ سامنے آگیا۔ گروپ نے بانی ممبر پی ٹی آئی عاطف حلیم کو چیئرمین شپ کے لیے نامزد کردیا ہے۔ عاطف حلیم کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دیگر عہدوں کیلئے بھی پینل سے امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔ دریں اثناء تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے قواعد وضوابط جاری کردیئے۔ چیئرمین تحریک انصاف کے کاغذات نامزدگی کی ناقابل واپسی فیس 50 ہزار مقرر کی گئی، تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے پینل فیس ایک لاکھ روپے مقرر کردی گئی۔ امیدواروں کو نامزدگی فیس بینک ڈرافٹ کے ذریعے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ نامزدگی فارم کے ساتھ تجویز وتائید کنندگان کا پارٹی ممبر شپ کارڈ لگانا لازمی ہوگا۔ پی ٹی آئی ممبران پارٹی ممبر شپ کارڈ رابطہ ایپ کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔