عدت میں نکاح کیس، سماعت کے دوران عمران، بشریٰ، خاور مانیکا میں جھگڑا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران عمران، بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ اڈیالہ جیل میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت سینئر سول جج قدرت اللّٰہ نیازی نے کی۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ بانی پی ٹی آئی نے جج قدرت اللّٰہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اور بشریٰ بی بی قرآن پاک پر حلف لینے کو تیار ہیں خاور مانیکا بھی حلف لے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا، قرآن اٹھانے کو تیار ہوں، جس پر خاور مانیکا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو خدا سے ڈرو، تم نے میرا گھر برباد کیا۔ بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے قرآن پاک پر حلف لینے کی ضد کی، عدالت نے کہا حلف لینے کے بعد آپ کا حق جرح ختم ہو جائے گا۔ عدالت نے تمام چار گواہوں کے بیانات قلمبند کر لئے۔ گواہان میں مفتی سعید، عون چودھری، خاور مانیکا اور محمد لطیف شامل تھے۔ بشریٰ بی بی کے وکیل نے خاور مانیکا اور عون چودھری پر جرح مکمل کر لی۔ عدالت نے آرڈر لکھوایا کہ قرآن پاک پر حلف لینے پر ملزموں کا حق جرح ختم ہو گا۔ اس پر بانی پی ٹی آئی حلف لینے سے مکر گئے اور کہا کہ ہم حلف بھی لیں گے اور جرح بھی کریں گے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ آپ حلف نہیں لے سکتے۔ آپ نے گواہ سے حلف لینے کی آفر کی ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی خاور مانیکا کو حلف کی پیشکش کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قدرت اللہ نے سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی دس گھنٹے سے زائد طویل سماعت کی جس میں تین گواہوں کے بیانات قلم بندکیے گئے۔ بشری بی بی کے وکیل عثمان گل نے خاور مانیکا کو مکا مارنے کی کوشش کی۔ وکیل درخواست گزار راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ کریمنل پروسیڈنگ میں ایسا نہیں ہوسکتا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا سے عدالتی آرڈر withdraw کروایا۔ انہوں نے کہا میں اپنی بیوی کو کلیئر کرنا چاہتا ہوں۔ میرے بیان کے بغیر عدالت کوئی فیصلہ نہیں کر سکتی۔ بیان کے بغیر عدالت کوئی سزا نہیں سنا سکتی۔ اس دوان خاور مانیکا بھی جج کے سامنے پہنچ گئے اور بشری بی بی کے ساتھ تلخ کلامی شروع کر دی۔ خاور مانیکا کا بشریٰ سے مکالمہ ہو ا کہ اس وقت بچے سوال کر کر کے تھک گئے مگر تم نے جواب نہیں دیا۔ اس پر بانی پی ٹی آئی نے خاور مانیکا کو جواب دیا کہ تمہیں چھ سال بعد یاد آیا ہے۔