بلوچستان، 3 دھماکے، 2 دستی بم حملے، ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، جعفر آباد، تربت، مستونگ اور خضدار میں دھماکے اور پنجگور میں ڈی سی آفس پر دستی بم حملہ ہوا۔ دھماکے کے باعث ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ شہر کے اسپنی روڈ پر زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، بعد ازاں سیکیورٹی اور امدادی ادارے وہاں پہنچ گئے۔ فوری طور پر ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسی طرح تربت شہر میں غلام نبی چوک پر دستی بم کا دھماکا ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تیسرا دھماکا ضلع جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر ہوا جہاں کریکر دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ چوتھا دھماکا کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دستی بم کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں پنجگور اور خضدار میں بھی دستی بم حملے، فورسز کی جوابی کارروائی پر دستی بم پھینکنے والے ملزم فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پنجگور میں چتکان کے علاقے میں ڈی سی آفس پر نامعلوم افراد نے 2 دستی بم پھینکے جو چار دیواری کے اندر گرے تاہم دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خضدار کے علاقے زہری میں بی این پی اور جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی دفتر پر بھی نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔