• news

ملتان میں متعدد منصوبوں کا افتتاح، سیاست سے دور رہوں تو اچھا ہے: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی  محسن نقوی نے ملتان کا 8گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وزراء اور افسروں کے ساتھ  وین پر سفر کیا۔ نشتر ہسپتالII، ساوتھ سٹی ہسپتال، نواب پور روڈ اور تھانوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔ کیڈٹ کالج اور سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ محسن نقوی ملتان آمد کے فوراً بعد  ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے اور 10 برس سے تعطل کے شکار سائوتھ سٹی ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ملتان کا افتتاح کر دیا۔ پراجیکٹ 2014ء  سے زیر التوا تھا۔ محسن نقوی نے چند ماہ میں منصوبے کو مکمل کرایا۔ محس نقوی نے پانچ سال سے زیر التواء پراجیکٹ نشتر ٹو ہسپتال کا افتتاح کر دیا۔  محسن نقوی نے  کہا کہ  وقت مکمل ہونے پر واپس اپنے پروفیشن میں چلے جائیں گے۔ اگر پی سی بی کا ٹاسک ملا تو وہ کریں گے۔ سیاست سے دور رہوں تو میرے لیے اچھا ہے۔ نئی حکومت پنجاب کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی اور بہت کام کرے گی۔ ایسا ممکن نہیں ہے کہ بغیر محنت کے ترقی ہو جائے ۔ محسن نقوی سے بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملاقات کی۔  محسن نقوی نے کہا کہ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کے لئے تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ عام انتخابات کے لئے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے متعلقہ محکموں کے درمیان بہترین اشتراک کار کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز کے لئے پر امن ماحول میں حق رائے دہی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی محسن نقوی کی پولنگ سٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے 6 فروری تک لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بیلٹ پیپرز کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ شفاف انتخابات کرانا ہمارا فرض ہے۔ ہر قیمت پر نبھائیں گے۔ کسی بھی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی انتھک  محنت اور مسلسل دوروں سے میو ہسپتال کا 250  بیڈز کا سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک تین ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گیا۔ پاکستان کے پبلک سیکٹر میں سب سے بڑی ایمرجنسی میں علاج معالجے کی سہولتیں پرائیویٹ ہسپتالوں سے بہتر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیم ورک کی وجہ سے میؤ ہسپتال ایمرجنسی تین ماہ میں مکمل ہوئی۔ میو ہسپتال ایمرجنسی پاکستان کی سب سے بڑی ایمرجنسی بن چکی ہے۔ پنجاب میں پہلی بار ایچ آئی ایم ایس سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔ ایچ آئی ایم ایس سسٹم میں مریض کے شناختی کارڈ نمبر سے سارا ریکارڈ مینٹین ہوگا۔ متوسط طبقے کا علاج مفت ہوگا اور صاحب استطاعت کیلئے پرائیویٹ کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر سے بہتر علاج میو ہسپتال میں ملے گا۔ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کے اپ گریڈ ایمرجنسی بلاک کا بھی افتتاح کر دیا۔ محسن نقوی نے پرانی ایمرجنسی کو بھی اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صوبائی کابینہ نے اتفاق رائے سے صوبے میں تھری ایم پی او کے نفاذ میں 3 ماہ کی توسیع کی تجویز مسترد کر دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ 8 فروری کو غیر جانبدارانہ اور آزادانہ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی جماعت کے امیدوار کو انتخابی مہم کا پورا حق حاصل ہے۔ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنا نگران حکومت کا فرض ہے، اسی لیے تھری ایم پی او کے نفاذ کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ کابینہ اجلاس میں الیکشن کے انعقاد کیلئے 6سے 9فروری تک تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں (سکولز،کالجز،یونیورسٹیز) میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمشن آف پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں الیکشن کی مانٹیرنگ کیلئے 32ہزار کیمرے خریدنے کی منظوری دی گئی۔ اس ضمن میں کابینہ نے کیمروں کی خریداری کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے موٹروہیکل رولز 1969ء  میں ترامیم کی منظوری دی جس کے مطابق فیل ہونے کی صورت میں 2ہفتے کے بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ دوبارہ دیا جاسکے گا۔  پنجاب کے مختلف اضلاع میں سمارٹ تھانوں کی تعمیر کے لئے اراضی منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے لال سہانرا پارک بہاولپور کے لئے اضافی اراضی ٹرانسفر کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں صحت سہولت پروگرام کے تحت ٹرسٹ ہسپتالوں کے لئے گرانٹ کے نئے فارمولے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس کے موجودہ ویلیوایشن ٹیبلز میں جون 2024تک توسیع کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب ڈرگز رولز 2007ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے 14کروڑ 61لاکھ روپے کے لیپسڈ فنڈزکی توثیق نو اور اختیار نو کی منظوری دی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن