ن لیگ، پی پی 100 برس بھی اقتدار میں رہیں خوشحالی نہیں لا سکتیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ باجوڑ میں نوجوان امیدوار کو سفاکیت سے قتل کردیا گیا، قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ حکومت شہریوں کو امن فراہم کرنے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوگئی۔ عوام مایوس ہیں، انہیں جان ومال کا تحفظ نہیں، کاروبار تباہ ہوچکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری کے طوفان نے لوگوں کے لیے سانس لینا دشوار کردیا۔ جماعت اسلامی خیبر پی کے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن اور ترقی کا انقلاب لائے گی، ریاست کے وسائل عوام پر خرچ کریں گے، گرین پاسپورٹ کی عزت بحال کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائن میں منڈا، مایار اور تیمرگرہ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے باجوڑ سے قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار ریحان زیب کی مغفرت کے لیے دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ امن عامہ، انصاف، معاشی ترقی اور جمہوری استحکام لازم و ملزوم ہیں۔ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں قوم پر مسلط حکمرانوں نے کردار ادا کیا۔ آئندہ بہتری لانے کے وعدے کرنے والے ماضی کی ناکامیاں تسلیم کریں، جھوٹے نعرے لگانے والے سابقہ کارکردگی کا حساب دیں۔ حکمران اشرافیہ نے پاکستانیوں پر ہر طرح کا عذاب مسلط کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، یہ اربوں کے قرضے لے کر خود ہڑپ کرگئے، سات دہائیوں سے پاکستانی عوام پر ظلم جاری ہے، قوم کے پاس حساب چکانے کا موقع ہے، 8فروری کو ترازو پر مہر لگاکرمافیاز اور خاندانوں کی بادشاہت سے نجات حاصل کریں۔ امیر جماعت نے کہا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی سو سال بھی اقتدار میں رہیں قوم پر مہنگائی، بے روزگاری، غربت مسلط کرنے والی سابقہ حکمران پارٹیوں کو باریا ں لگانے کا کوئی حق نہیں۔ حکمران خود عیاشیاں کرتے ہیں عوام کو کہتے ہیں صبر کرو، ان کی گاڑیوں میں جلنے والا تیل غریبوں کا خون پسینہ ہے۔