• news

الیکشن 8 فروری کو، انتخابات، رکاوٹ ڈالنے والوں کیساتھ فوج کی مدد سے نمٹیں گے: سکندر سلطان، گوہر اعجاز

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے +وقائع نگار )چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات وقت پر ہوں گے،اگرچہ سیکیورٹی چیلنجز موجود ہیں تاہم الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں  اور پاک فوج کی مدد سے انتخابات میں رخنہ ڈالنے اور امن و امان کی صورت حال خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور اس سلسلہ میں کسی سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔  الیکشن کمیشن میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ قائم مقام نگران وفاقی وزیر داخلہ، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی آئی بی، صوبہ خیبر پختونخواہ اور صوبہ بلوچستان کے چیف سیکرٹری اور آئی جی صاحبان، دیگر ایجنسیوں کے نمائندگان، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس کے شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال بالخصوص الیکشن کمیشن کے دفاتر اور سیاسی جلسوں پر حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی، سیکیورٹی کے چیلنجز اور انتخابی عمل کو متاثر کرنے والے واقعات کے باوجود الیکشن کا عمل نہیں رکے گا، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے اور اس حوالے سے کسی کو وہم یا گمان ہونا چاہیے۔سکندر سلطان راجہ نے دہشت گردی کا انتخابی عمل کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا تاہم انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر ضروری انتظامی و حفاظتی انتظامات لیے جائیں گے اور سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز کو  بلاخوف خطر اپنی انتخابی مہم چلانے اورشہریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنیکے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتخابات کے دن بالخصوص ووٹوں کی گنتی کے عمل اور نتائج کے اعلان کے وقت مختلف عناصر کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوششوں سے خبردار رہنے کی تلقین کی۔سیکرٹری وزارت داخلہ،صوبہ خیبر پختونخواہ اور صوبہ بلوچستان کے چیف سیکرٹری اور آئی جی صاحبان، دیگر ایجنسیوں کے نمائندگان نے ملک بھر اور بالخصوص خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال اور عام انتخابات کے محفوظ اور پر امن انعقاد کے لیے اٹھائے گئے جملہ حفاظتی و انتظامی اقدامات سے کمیشن کو آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری اور آئی جی صاحبان بلوچستان نے  اجلاس کو بتایا کہ صوبائی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی تفصیل سے کمیشن کو آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ کسی بھی سیاسی یا غیر سیاسی قوت کو الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخواہ نے جلاس کو بتایا گیا کہ کے پی میں پہلی دفعہ فاٹا کے صوبے میں انضمام کے بعد انتخابات ہو رہے ہیں تاہم انتطامی سطح پر تیاریاں مکمل ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام تر وسائل فراہم کر دیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے بتایا کہ وہ بلوچستان کے دورہ سے واپس لوٹے ہیں جہاں انہوں نے صورت حال کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں انتخابات کے پرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں ۔اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون اور وسائل فراہم کیا جائیں گے اور اس حوالے کسی سطح پر کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا غفلت نہیں برتی جائے گی۔وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی زیر صدارت انتخابات سے قبل بلوچستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہواجس میں وفاقی وزیر داخلہ کو انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیرِ داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجازنے کہا کہ حکومت انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔نگراں وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بلوچستان میں امن وامان کے قیام کی کوششوں اورانتخابات کی تیاریوں پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ نگران حکومت ملک میں آزادانہ انتخابات کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی۔انہوں نے کہاکہ امن دشمن عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ملک میں امن و امان کا قیام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن