سپہ سالار کی موجودگی میں سازش کا امکان نہیں، ہر صورت نوازشریف وزیراعظم ہونگے: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی اور دیگر غیر مسلم برادریوں کا کردار لائق صد تحسین ہے۔ ملک کے اندر بسنے والی تمام اقلیتوں کو امن و سکون سے رہنے کا پورا حق حاصل ہے۔ نواز شریف کی پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ بے پایاں شفقت و محبت کا رشتہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے مسیحی عمائدین، علماء و بشپس صاحبان سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور میں مسیحی کمیونٹی کے ساتھ چند افسوسناک واقعات رونما ہوئے لیکن ہم نے شرپسندی کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر امن و انصاف کا بول بالا کیا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالٰی کے ایک جلیل القدر پیغمبر ہیں جن کا قرآن میں متعدد مرتبہ ذکر آیا ہے، بطور مسلمان ہم سب ان کی نبوت کا اقرار کرتے ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم نے بھی پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کی مذہبی سیاسی اور سماجی آزادی پر خصوصی زور دیا ہے۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم برادریوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن آئین پاکستان ہے۔ پاکستان کی تشکیل میں بھی اقلیتی برادری کا کردار مسلمہ حیثیت کا حامل ہے۔ میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق غیر مسلم برادریوں کی پارلیمنٹ میں موثر نمائندگی اور پذیرائی مسلم لیگ ن کا خاصہ رہی ہے۔ ہمارے دور میں کامران مائیکل سینیٹر بنے اور بعد ازاں وفاقی وزیر بھی رہے۔ مسیحی واقلیتی برادران 8فروری کو ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ ن کو کامیابی سے ہم کنار کریں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتی برادری اور ان کے نمائندگان کو امن و سکون کے ساتھ رہنے اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔ ملک میں استحکام کیلئے اکثریت والی حکومت چاہئے جبکہ پولیٹیکل ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے۔ عمران خان کو سزا ان کے خود کی وجہ سے ملی ہے۔ سستی شہرت کیلئے ریاست دائو پر لگا دی۔ آئی ایم ایف کی کڑوی گولی کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔ پختہ یقین ہے موجودہ سپہ سالار کے ہوتے ہوئے کسی سازش کا امکان نہیں ہے۔ ہر صورت میں نواز شریف وزیراعظم ہوں گے۔ کسی نے جرم کیا ہے تو اس کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ قوم جس کو ووٹ دے گی ہم اس کو قبول کریں گے۔ لولی لنگڑی حکومت استحکام نہیں لاسکتی۔ نوازشریف قوم کو اکٹھا کرسکتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ماضی کو بھول کر آگے بڑھیں گے۔ قومی یکجہتی وقت کی ضرورت ہے۔ جس نے جرم کیا ہے اس پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پی ٹی آئی کا چہرہ ایکسپوز کردیا۔