• news

خیبر پی کے والے سادہ، ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، اللہ سے معافی مانگیں: نوازشریف

سوات (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کے لوگ کیسے اس شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا۔ سوات میں جلسے سے خطاب  میں انہوں نے  کہا کہ آپ کیسے اس شخص کے جال میں پھنس گئے جس نے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا۔ ہاتھ کھڑا کرکے بتاؤ کتنے لوگ ہیں یہاں جن کو 50 لاکھ گھروں میں سے ایک بھی گھر ملا ہو۔ خیبرپی کے کے لوگ بہت سادے لوگ ہیں، ان کو دھوکہ دیتے ہوئے شرم نہیں آئی؟۔ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے تھے؟۔ لوگوں کے جذبات سے کھیل کر ووٹ لیا بعد میں ان کو نہ نوکری دی نہ کوئی ریلیف دیا۔ میں پورا رستہ دیکھتے آیا ہوں مجھے تو کوئی ون بلین ٹری سونامی نظر نہیں آیا۔ اس نے جذبات سے کھیل کر ووٹ لیا بعد میں نہ نوکری دی نہ کوئی ریلیف دیا۔ آپ ایک بندے کے جال میں پھنسے۔ نئے پاکستان کے چکر میں آپ نے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا۔ میں نے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، پھر بھی آپ اس شخص کے پیچھے لگ گئے۔ اگر نواز شریف کی حکومت ہوتی تو خیبر پی کے سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا۔ میں نے آپ سے پوچھنا ہے آپ نے کیوں اسے موقع دیا۔ وہ اس صوبے سے پنجاب ایکسپورٹ ہوا ہے۔ آپ اس کے جال میں خود بھی پھنس گئے اور باقی ملک کو بھی پھنسادیا، اللہ سے معافی مانگیں اور رجوع کریں۔ جن کو آپ نے پہلے آزمایا ہے ان کو بار بار آزمانا ٹھیک نہیں ہے۔ پہلے تو آپ کو چکر دیا گیا ہے۔ 8 فروری کو مجھے نہ چکر دے دینا۔  ہم نے تو حکومت نہ ہونے کے باوجود ٹنل بنائی۔ جن کی حکومت تھی مجھے بتاؤ انہوں نے کیا بنایا۔ ٹنل ہم بنائیں اور ووٹ جائیں کسی اور کو۔ وعدہ کریں آئندہ ایسا نہیں کریں گے۔ آپ مکر و فریب کی سازش میں آگئے۔ آئندہ اس طرح کی سازش میں نہیں آنا۔ اگر آپ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے تو خیبر پی کے کی تقدیر بدل دیں گے۔ خیبر پی کے میں تبدیلی میں لیکر  آؤں گا۔ جن کو آزما چکے ان کو  بار  بار آزمانا ٹھیک نہیں۔ یہاں کون سا نیا موٹروے اور بجلی کا منصوبہ لگا، وہ 300 ڈیم کہاں گئے؟۔ کہیں بلین ٹری منصوبہ نظر نہیں آیا۔ سوات والو نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔ بتاؤ آج ملک میں مہنگائی ہے یا نہیں؟۔ نواز شریف کا دور اچھا تھا کہ یہ دور اچھا ہے؟۔ ہم جھوٹ نہیں بولتے، عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولا، آئندہ بھی سچ بولوں گا، میں جھوٹ بول کر اپنی عاقبت خراب نہیں کرسکتا۔ آپ سے جھوٹ کہے جاتے تھے۔ آج 25 روپے میں روٹی ملتی ہے، ہمارے دور میں 5 روپے کی تھی۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کا مقدر اگر لندن ہے تو پھر خیبر پی کے  کے بچوں کا مقدر جیل کیوں ہے؟۔ سازشیں کرنے والے ہمیشہ نہیں رہتے۔ آج نواز شریف نے آپ کو ان لوگوں کے تمام جھوٹ گنوائے جنہوں نے یہاں 10 سال تک حکومت کی ہے۔ انہوں نے اتنے جھوٹ بولے کہ جن موکلوں اور جنوں کے سر پر حکومت کررہے تھے، آج وہ موکل اور جن بھی انہیں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ جس نے لوگوں کو چور چور کہا، آج وہ خود پاکستان کا سب سے بڑا چور ثابت ہوگیا۔ جس نے لوگوں پر چوری کے جھوٹے الزام لگائے، وہ بھی چور نکلا، اس کا خاندان بھی چور نکلا۔ مگر میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، میں کسی کی تکلیف اور دکھ پر خوشی نہیں منا سکتی۔ میں کسی کی گرفتاری یا آزمائش پر خوش نہیں ہوتی۔ لیگی رہنما نے کہا کہ میں جب اپنی ماں کو چھوڑ کر نواز شریف کے ساتھ گرفتاری دینے کے لیے اڈیالہ جیل آئی تھی تو مجھے بھی آفر ہوئی تھی کہ میں اڈیالہ کے بجائے سہالہ ریسٹ ہاؤس شفٹ کردی جاؤں، مجھے کہا گیا کہ آپ کاغذ پر لکھ کر دے دیں کہ مجھے بی کلاس دی جائے تو ہم آپ کو بی کلاس فراہم کردیں گے، مگر میں نے منع کردیا اور کہا کہ جیل جاؤں گی تو نواز شریف کے ساتھ جاؤں گی۔ کسی ریسٹ ہاؤس میں نہیں جاؤں گی۔ میں نے کہا کہ مجھے ریسٹ ہاؤس نہیں چاہیے، میں عام قیدیوں کی طرح جیل میں رہوں گی۔ نوجوان مجھے بتائیں کہ کیا جلاؤ گھیراؤ، مار دو، مر جاؤ، آگ لگا دو، یہی سب کچھ خیبر پی کے کے نوجوانوں کا مقدر ہے؟۔ آپ کو لیپ ٹاپس چاہئیں یا پٹرول بم؟۔ آپ کو تعلیمی ادارے، سکالرشپس چاہئیں یا پھر کیلوں والے ڈنڈے چاہئیں؟۔ اگر جلاؤ گھیراؤ آپ (عمران خان) کے لندن میں بیٹھے ہوئے بچوں کا مقدر نہیں ہے تو پھر خیبر پی کے  کے بچوں کا  مقدر یہ کیسے ہو سکتا ہے؟۔ اگر آپ (عمران خان) کے بچے محفوظ مقام پر لندن میں بیٹھے ہیں تو پھر پاکستان کے نوجوان آپ کے ورغلانے پر سلاخوں کے پیچھے کیوں پڑے ہیں؟۔ میں پوچھتی ہوں کہ آپ کے ورغلانے کی وجہ سے آپ کی خواتین کارکن 9 مئی کو ریاست پر حملہ کرنے پر سلاخوں کے پیچھے ہیں، تو ایک خاتون جس نے چوری کی ہے وہ آج بنی گالہ کے محل میں قید کیوں ہے؟۔ وہ باقی عوام کی طرح جیل کی سلاخوں کے پیچھے کیوں نہیں ہے؟۔ 8 فروری کو ووٹ کی پرچی کو محض پرچی نہ سمجھیں بلکہ اس سے آپ کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز خیبر پی کے  کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن