• news

ملتان میں یونیورسٹی کا افتتاح، محسن نقوی سے ڈاکٹرز، تاجروں، صنعت کاروں کی ملاقاتیں

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی محسن نقوی نے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبے دیکھے۔ محسن نقوی نے ویٹرنری سائنسز، فارما سائنسز اور دیگر علوم کے شعبوں کا دورہ کیا۔ لیکچر رومز، ڈے کیئر سنٹر، کیفے ٹیریا اور دیگر سیکشن بھی دیکھے۔ وزیراعلی نے ٹیکنالوجی بیسڈ اعلی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید علوم کی تعلیم و ریسرچ کی سہولتیں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ یونیورسٹی کو نرسز کے داخلہ کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ نرسز کی ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے۔ حکومت اس ضمن میں یونیورسٹی سے تعاون کے لئے تیار ہے۔ نجی شعبے میں ایسی سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی کا قیام  اعلی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وزیراعلی سے کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ سی پی ایس پی کے وفد نے پنجاب کے شعبہ صحت میں انتہائی مختصر وقت میں غیر معمولی اصلاحات پر وزیراعلیٰ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی رفتار کا مقابلہ کوئی منتخب حکومت بھی نہیں کرسکتی۔ محسن سپیڈ نے آنے والوں کو بہت مشکل میں ڈال دیا ہے۔ سی پی ایس پی کے وفد نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کالا شاہ کاکو کیمپس کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت کی پوری ٹیم نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سے کم نہیں۔ وزیراعلیٰ سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدورکے وفد نے ملاقات کی اور  انڈسٹریز سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بزنس فیسلیٹیشن سینٹرز پر صرف دو ہفتے میں تمام این او سیز کا اجراء یقینی بنایا گیا ہے۔ سابق صدور لاہور چیمبر آف کامرس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر اور ان کی ٹیم نے کاروبار ی طبقے کے لئے بہترین اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن