عدت نکاح کیس: 14 گھنٹے سماعت‘ فیصلہ محفوظ‘ آج سنایا جائے گا
راولپنڈی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے عدت میں نکاح کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ سینئر سول جج قدرت اﷲ آج دن ایک بجے کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔ عدت میں نکاح کیس میں وکلاء صفائی کی جانب سے گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 342 کا بیان بھی عدالت کو دے دیا۔ گواہان میں خاور مانیکا‘ مفتی سعید‘ عون چودھری‘ محمد لطیف پر جرح ہوئی۔ عدت میں نکاح کیس کی سماعت 14 گھنٹے تک جاری رہی۔ کیس کی سماعت صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوئی اور رات 11 بجے تک جاری رہی۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کا کیس خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دوران عدت نکاح کیس خارج کرنے کی درخواست نمٹانے کا 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فراڈ سے نکاح کے الزام میں سمن جاری کرنے میں قانون کی خلاف ورزی نہیں پائی گئی، دھوکا دہی سے نکاح کی حد تک ملزمان ٹرائل کورٹ میں میرٹ پر کیس لڑیں۔عدت میں نکاح کیس میں وکیل درخواست گزار رضوان عباسی کی مداخلت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ غصے میں آ گئے۔ اس موقع پر دونوں وکلاء میں شدید تلخ کلامی ہوئی۔ سلمان اکرم راجہ نے رضوان عباسی کو اپنے دلائل میں مداخلت سے روک دیا۔ دوسری طرف بشریٰ بی بی نے عدت میں نکاح کیس میں 342 کے بیان میں 14 نومبر 2017ء کا طلاق نامہ من گھڑت قرار دے دیا۔ خاور مانیکا نے مجھے زبانی طلاق اپریل 2017ء کو دی۔