• news

 مچھ آپریشن مکمل، 3 دن میں 24 دہشتگرد ہلاک، ایک لاپتا افراد میں شامل نکلا

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) مچھ آپریشن مکمل ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کے حملے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر حملے کیے تھے جنہیں جوانوں نے بہادری سے پسپا کیا۔ یہ حملے 29 اور 30 جنوری کی رات کیے گئے۔ دہشتگردوں کو بعد میں سرچ آپریشن میں جہنم واصل کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ تین روز میں 24دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں میں شہزاد بلوچ، عطاء اللہ، عبدالودود، ذیشان اوران کے ماسٹر مائنڈ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ امن، استحکام کیلئے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آئی ایس پی آر نے بلوچستان کے علاقے مچھ اور کول پور کمپلیکس پر دہشتگردوں کے حملے کی تفصیلات جاری کردیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے حملے کو بہادری سے پسپا کیا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گزشتہ 3 دن میں 24 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں میں شہزاد بلوچ، عطاء اللہ، صلاح الدین اور عبدالودود شامل ہیں جب کہ ہلاک ہونے والے باقی دہشتگردوں کی شناخت کی جارہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 شہری بھی شہید ہوئے۔ ذرائع کے مطابق لاپتا افراد کے نام پر ملک کو بدنام کرنے کی سازش بے نقاب ہوچکی ہے جس کی واضح مثال مچھ حملے میں ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت ہے۔ دہشتگرد عبدالودود ساتکزئی جس کو لاپتا افراد میں شامل کرکے ریاست مخالف پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا وہ مچھ حملے میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن