• news

پی ٹی آئی امیدواروں کی انتخابی مہم میں رکاوٹ ڈالنے کی شکایت ووٹرز کو ہراساں نہ کیا جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آ باد (آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست پر ایس ایس پی آپریشن اور الیکشن کمیشن کے حکام کو 6 فروری بروز منگل کو طلب کرلیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی امیدواروں شعیب شاہین اور علی بخاری کی جانب سے الیکشن مہم میں رکاوٹ کے خلاف دائر کی جانے والی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران دونوں رہنما عدالت عالیہ میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران شعیب شاہین نے موقف اختیار کیا کہ پولیس اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہی ، ہم  نے انہیں کہا کہ ہم کوئی قبضہ گروپ نہیں ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اعلی حکام کو بلا کر کہہ دیتے ہیں درخواستگزار بار کے سینئیر وکلا اور رہنما ہیں۔علی بخاری نے موقف اختیار کیا کہ جب ہمارے لوگ کارنر میٹنگ کرتے ہیں تو پیچھے سے پولیس آ جاتی ہے جس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ بتا دیں کس کو بلاوں کیا آرڈر کروں۔علی بخاری کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ایس ایس پی کو بلائیں جبکہ شعیب شاہین نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن حکام کو بھی بلائیں۔عدالت عالیہ نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایس ایس پی اور الیکشن حکام کو طلب کرلیا اور دونوں حلقوں میں ووٹرز کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔بعدازاں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن