وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑنے کا وقت آگیا، مہنگائی کا بوجھ امراء پر منتقل کریں گے: علیم خان
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) این اے117میں بڑی سیاسی پیشرفت ہوئی ہے جہاں سے سابق ایم این اے ملک ریاض اور عام انتخابات کیلئے اس حلقہ سے امیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان کے مابین ملاقات ہوئی جس میں ملک ریاض نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم میں بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ووٹرز ہمیں مکمل یکجہتی کے ساتھ سپورٹ کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ ہم اس حلقہ سے تینوں نشستیں جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تقسیم کرنے والوں نے نفرت کا جو بیج بویا تھا وہ کاٹنا پڑ رہا ہے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہماری توانائیاں عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وقف ہوں گی، قومی وسائل کا رخ اشرافیہ کی بجائے عوام کی طرف موڑنے کا وقت آگیا ہے اور ان شاء اللہ ہم اقتدار میں آکر مہنگائی کا بوجھ امراء پر منتقل کریں گے۔ اپنے حلقے میں مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے جن کا ماضی میں درست استعمال نہیں ہوا، ہم اپنی نیک نیتی اور عوام کی مشاورت اور معاونت سے وطن عزیز کی سمت درست کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور عام آدمی کا احساس محرومی دور کرنا، ان کے زخم پر مرہم رکھنا اور ان کے اعتماد کا بھرم رکھنا ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہوگا۔ این اے117کے تمام چیئرمینو ں اور وائس چیئرمینوں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا تھا کہ وہ عبدالعلیم خان کی کامیابی کے لئے دل و جان سے ساتھ ہیں،دونوں صوبائی حلقوں پی پی145سے سمیع اللہ خان اور پی پی146سے غزالی سلیم بٹ کے علاوہ سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ این اے117کی مسیحی برادری نے بھی عبدالعلیم خان اور اْن کے پینل کی حمائیت کا اعلان کر دیا ہے،شاہدرہ ٹاؤن کے چرچ میں منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریب میں کرسچین کمیونٹی کی طرف سے اس امر کا اظہار کیا گیا کہ عبدالعلیم خان این اے117کے لئے بہترین انتخاب ثابت ہوں گے اور ہم اْن کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔