لاہور والوں نے ہمیشہ نواز، شہباز شریف کا ساتھ دیا: سعد رفیق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) رہنما مسلم لیگ (ن) و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں اور نہ ہی پاکستان میں کسی انتہا پسند کی ضرورت ہے۔ کسی کے گمراہ کن نعروں میں نہ آئیں۔ مسلم لیگ (ن) ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور والوں نے کبھی بھی نواز شریف اور شہباز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس لیے نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ پاکستان میں ترقیاتی کاموں کا سوچتی ہے، آج پاکستان کو نفرت کے ٹیکے لگانے والی قیادت نہیں چاہیے، کوئی اور جماعت اس کے بارے میں نہیں سوچتی، پورے پاکستان میں ترقیاتی کاموں کی بات ہو گی تو صرف (ن) لیگ کی بات ہو گی۔ آج بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھے ہیں ہم نے کوئی خوشی نہیں منائی، یہ اپنے دور میں مٹھائیاں بانٹتے تھے، خوشیاں مناتے تھے۔ نواز شریف نے پاکستان میں آ کر کہا میں نے اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا، میں نے کسی سے بدلے کی سیاست نہیں کرنی۔