بلاول لاہور سے کامیاب اور وزیراعظم بنیں گے، فیڈریشن مضبوط ہوگی: چودھری سرور
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ 8فروری کو تاریخ دہرائی جانے لگی ہے۔ اب بلاول بھٹو لاہور سے جیتے گا اور وزیراعظم بنے گا۔ بلاول بھٹو کے الیکشن لڑنے سے ایک امید نظر آئیہے جس سے فیڈریشن مضبوط ہوگی۔ وہ بوستان کالونی پیکو روڈ میں مسیحی برادری کے پاسٹر حضرات سے ملاقات کے بعد ذوالفقار علی بدر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ الیکشن میں پنجاب پولیس غیر جانبدار کردار ادا کریں گے اور ایس ایچ اوز لوگوں کے پاس جا کر (ن) لیگ کے دفتر کھلوانے کی کوشش نہیں کریں گے۔ سابق گورنر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کہتا ہوں تین کمیونٹیز کو فیملی کی طرح پیار کیا ہے کرسچن کمیونٹی، سکھ اور شیعہ کمیونٹی کو زیادہ پیار دیا۔ پیپلز پارٹی ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑی ہوتی ہیں۔ مسیحی برداری کو کہنا چاہتا ہوں 8 فروری کا دن بہت اہم ہے۔ اس سے پاکستان کا نقشہ تبدیل ہوگا۔ این اے 127 کی عوام اس الیکشن کو اپنا الیکشن سمجھیں۔ ظلم کے خلاف صرف بلاول کھڑا ہوگا۔