پی ٹی آئی کا دشمن نہیں‘ بانی چیئرمین کو مل کر چلنے کی پیشکش کرتا ہوں: اکبر ایس بابر
اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کا انٹرا پارٹیز انتخابات سے پیچھے ہٹنا خوش آئند ہے، اگر یہ غیر قانونی عمل جاری رہتا تو پارٹی کے ڈی لسٹ ہونے کا خطرہ تھا، پی ٹی آئی ایک خوبصورت خواب تھا جو آج ایک ڈرائونی حقیقت بن چکی ہے، حالات ثابت کر رہے ہیں کہ ہم نے جو جدوجہد شروع کی وہ ٹھیک ہے، پی ٹی آئی کا دشمن نہیں بلکہ سب سے بڑا دوست ہوں، بانی چیئرمین کو پیشکش کر رہا ہوں کہ آئیں آپس میںمل بیٹھ کر ایک فریم ورک بنائیں۔ اکبر ایس بابر نے ان خیالات کا اظہار پارٹی کے دیگر بانی اراکین محمود خان، نورین فاروق، محمد مزمل سندھو، بلال اظہر رانا و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اکبر ایس بابر نے مزید کہا ہم نے ایک نیشنل کانفرنس بلائی جس میں پی ٹی آئی کے بانی اراکین شریک تھے، حالات ہر روز ثابت کر رہے ہیں کہ ہم نے جو جدوجہد شروع کی وہ ٹھیک ہے، ہم پر بڑے الزامات لگے، کردار کشی کی گئی لیکن ہم ڈٹے رہے۔8 سال تک چلنے والے فارن فنڈنگ کیس میں یہ جھوٹے ثابت ہوئے، آج پہلی دفعہ سب کے سامنے ایک پیشکش کرنے لگا ہوں، 5 سال سے زائد عرصہ گزر چکا کوئی انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوئے، پارٹی پر تازہ ترین حملہ آور افراد کی میں نے نشاندہی کی، اب ہم نے آگے جانا ہے، پارٹی کا شیرازہ بکھر چکا‘ ایک مصالحتی راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔ مجھ سے لوگ رابطہ کرکے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو بچا لیں۔