پی ٹی آئی وکلا عدالت میں ہوتے ہیں‘ موقع نہیں دیا جارہا،بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے غیر قانونی طریقوں سے سنائے جارہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وکلا موجود تھے لیکن درخواست کے باوجود موقع نہیں دیا گیا، جج نے ملزمان کے 342 کے بیانات اپنے موبائل فون میں دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ جج صاحب نے فیصلے میں پی ٹی آئی کے وکلا سے متعلق درست نہیں لکھا، پی ٹی آئی وکلا ہر وقت عدالت میں موجود ہوتے ہیں اور ہر تاریخ پر پیش ہوتے ہیں، انہیں موقع نہیں دیا جارہا۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے غیر قانونی طریقوں سے سنائے جارہے ہیں، جو وکلا دیے گئے ان کے پاس کچھ نہیں تھا، وہ وکلا ہمارے خلاف پیش ہوتے رہے اور پراسیکیوشن کی ٹیم کا حصہ تھے۔