• news

پیپلز پارٹی کا ساتھ دے رہے‘ بلاول بھاری اکثریت سے کامیابی ہوں گے: زبیر احمد ظہیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ ہم ہر جگہ کھل کر پیپلز پارٹی کا ساتھ دے رہے ہیں۔ چاروں صوبوں میں تمام عہدیدار، راہنما، علماء اور کارکن خواتین و حضرات پیپلز پارٹی کو کامیاب بنانے کے لئے جدوجہد میں مصروف ہیں۔ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی حلقہ NA 127 گرین ٹاون میں پیپلز پارٹی کے PP163 کے امیدوار فیاض احمد بھٹی اور اسلامی جمہوری اتحاد پنجاب کے صدر میاں محمد اصغر کے مشترکہ انتخابی دفتر میں کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اسلامی آئین، تحفظ ختم نبوت، جمہوریت کے فروغ اور غریب عوام کی خدمات باقی تمام پارٹیوں سے بہت زیادہ ہیں۔ آصف علی زرداری کے پورے پانچ سالہ دور میں کسی ایک بھی لیڈر یا سیاسی کارکن کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوئی اور نا ہی کسی کو جیل جانا پڑا۔ لہذا اب ملک اور قوم کو نواز شریف اور عمران خان کی انتقامی سیاست کی مصیبت اور تباہی سے بچانے کے لئے نیز سیاست میں برداشت اور رواداری کا کلچر پروان چڑھانے کے لئے ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانا انتہائی ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن