سائفر کیس میں سزا، الیکشن کمشن نے شاہ محمود کو 5 سال کیلئے نااہل قرار دیدیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماء شاہ محمود قریشی کو 5 سال کیلئے نااہل قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے شاہ محمود قریشی کو نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شاہ محمود قریشی عام انتخابات 2024ء کیلئے نااہل قرار دیئے گئے ہیں جبکہ وہ آئندہ 5 سال تک کسی بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ آفیشل سیکرٹ کورٹ نے شاہ محمود قریشی کو جرم کا مرتکب قرار دیا تھا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود الیکشن ایکٹ 232 کے تحت بھی نااہل قرار دیئے جاتے ہیں جبکہ انہیں آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل کیا گیا۔