پاکستان بیلا روس تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم: جلیل عباس جیلانی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 30 سال مکمل ہونے پر بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک کے ساتھ تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلا روس کے سفارتی تعلقات کے ذریعے فائدہ مند باہمی شراکت داری کو وسعت دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ ہفتہ کو منائی جا رہی ہے۔. اسلام آباد اور منسک میں دونوں ممالک کے متعلقہ سفیروں نے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی اور مبارکباد کے پیغامات پیش کئے۔ پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد اور تعمیری مکالمے پر مبنی ہیں جس کی بنیاد پاکستان بیلاروس شراکت داری کے اسلام آباد اعلامیے اور 2015ء کے دوستی اور تعاون کے معاہدے پر ہے۔ یہ تعلقات مسلسل اعلی سطحی تبادلوں اور اقتصادی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں مضبوط تعاون کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ سرگئی ایلینک کے نام اپنے پیغام میں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے گزشتہ تیس سالوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت گامزن ہونے کو سراہا ۔ انہوں نے بیلاروس کے ساتھ فائدہ مند باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ باہمی فائدہ مند تعلقات کے فروغ کے لئے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا سے استثنیٰ کا معاہدہ بھی ہے۔