• news

 ’’یونیورسل پیس فیڈریشن‘‘ کا ڈاکٹر حسین قادری کیلئے سفیر امن ایوارڈ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو ’’یونیورسل پیس فیڈریشن‘‘ کی طرف سے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر آسٹریا(ویانا) میں سفیر امن کا ایوارڈ دیاگیا۔ یہ ایوارڈ انہیں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے انجام دی جانیوالی گراں قدر عالمی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا اور انہیں بین المذاہب عالمی کانفرنس 2024ء کیلئے ’’کی نوٹ سپیکر‘‘ اور مہمان اعزاز کا سٹیٹس بھی دیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اعتدال اور رواداری الوہی مذاہب کی مرکزی فکر ہے۔ باہمی الفت و محبت کی فکری بنیادوں پر ایک پرامن بین الاقوامی برادری کی تشکیل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ میں جب پیغمبر امن و سلامتی کے اصحاب پر ظلم و ستم کا بازار گرم ہوا تو انہوں نے حبشہ کی طرف ہجرت کی۔ اس وقت وہاں کا بادشاہ عیسائی تھا اور قرآن میں حبشہ کو سچائی کی سرزمین کہا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پائیدار امن، سلامتی اور ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ 11 اگست 1947ء کو بانی پاکستان محمد علی جناحؒ نے واضح کر دیا تھا کہ اقلیتیں اپنی مذہبی عبادات کی انجام دہی اور ثقافت و روایات پر عمل پیرا ہونے کے حوالے سے مکمل طور پر آزاد ہیں۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کو عالمی ایوارڈ ملنے پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد و دیگر راہنماؤں نے مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن