لاہور بار کے انتخابات کو آسان‘ سستا بنانے کیلئے رولز میں ترمیم
لاہور (خبر نگار )لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر منیر حسین بھٹی نے کہا ہے کہ وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، عدالتوں کی تقسیم کیلئے سیشن کورٹ میں وکلاء کیلئے بنائے گئے چیمبرز حاضر ہیں ، لاہور بار کے انتخابات میں پیسے کی بھر مار خرچ کرنا کسی طور مناسب نہیں انتخابات سستے ہونے چاہئے اور ہر ایک وکیل کی پہنچ میں ہونے چاہئے ، وہ گذشتہ روز ایوان عدل میں ہونے والے جنرل ہائوس کے اجلاس سے وکلاء کی بڑی تعداد سے خطاب کر رہے تھے۔ منیر بھٹی نے کہا کہ لاہور بار کے انتخابات کو آسان اور سستا بنانے کیلئے رولز میں ترمیم کی گئی۔ صرف وزٹنگ کارڈ استعمال کیا جائیگا جبکہ انتخابات میں فائرنگ کرنے والے عناصر کی پشت پناہی نہیں کی جائیگی ، کنٹین میں اعلیٰ معیار کی اشیاء کو فراہمی کو ممکن بنایا جائیگا ورنہ غیر معیاری اشیاء فراہم کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے۔ سنگین بیماری کی صورت میں وکلاء کی مالی امداد کی جائیگی۔ وکلاء بلڈنگ کپسٹی کی جائیگی اور علامہ اقبال اور قائد اعظم ایوارڈ دیئے جائیں گے۔