صدر پی ایچ ایف خالد سجاد 8 سال بعد مستعفی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ۔پی ایچ ایف کے سابق صدر خالد سجاد کھوکھر 8سال 4ماہ عہدے پر فائز رہے، انکی جگہ ہاکی کے پیٹرن اِن چیف نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے طارق حسین بگٹی کی نامزدگی کا اعلان کیا تھا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔نگران وزیر اعظم کی ہدایت پر 21دسمبر کو طارق حسین بگٹی کا بطور ایڈہاک صدر پی ایچ ایف نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، جس پر خالد سجاد کھوکھر عدالت چلے گئے تھے، انکا موقف تھا کہ آئین کے تحت صدر کا عہدہ خالی ہونے پر ہی پیٹرن کو نئے صدر کی نامزدگی کا اختیار ہے۔ابھی یہ کیس زیر سماعت ہے تاہم اب خالد سجادکھوکھر کے استعفیٰ کے بعد آئینی طورپر اس عہدے پر نئی نامزدگی ہوسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق وزرات بین الصوبائی رابطہ اور سپورٹس بورڈ کی طرف سے خالد سجاد کھوکھر کے استعفیٰ کیساتھ نئی سمری منظوری ہوچکی ہے۔طارق حسین بگٹی کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر وہ 10روز میں کانگریس سے اعتماد کا ووٹ لے کر آئینی طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بن جائیں گے۔ پی ایچ ایف کانگریس سے اعتماد کے ووٹ کے ذریعے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے اہل ہونگے۔پی ایچ ایف آئین کے مطابق طارق بگٹی کو ایوان سے اعتماد کا ووٹ دلانے کیلئے اگلے دس دنوں کے اندر کانگریس کا غیر معمولی اجلاس طلب کیا جائیگا۔