بلوچستان: بارش سے سیلابی صورتحال، پاک فوج کا کامیاب ریسکیو آپریشن، 9 افراد بچا لئے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) پنجاب میں نمونیا کے وار کم نہ ہوئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید آٹھ بچوں کی جان لے لی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق رواں سال نمونیا سے انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 311، ہوگئی۔ راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں دو دو بچوں کا انتقال ہوا۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب سے 24 گھنٹوں کے دوران 784 بچے نمونیا میں مبتلا ہوئے۔ لاہور سے ایک روز کے دوران 197 کیس سامنے آئے۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت لاہور اور اس کے گردو نواح میں رات گئے ہلکی بارش ہوئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹان، جوہر ٹان، گلبرگ، گارڈن ٹائون سمیت شہر کے دیگر مقامات پر بادل برسے۔ کاہنہ، قصور، پتوکی، مریدکے اور شیخوپورہ میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔ بادل برسنے کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ موسم کی خرابی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر ملک کی7 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ درجنوں تاخیر کا شکار ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر نجی ائیر لائن کی مسقط سے لاہور کی پرواز سیالکوٹ منتقل کی گئی جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث گلگت اور سکردو کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔ ہفتے کو اسلام آباد سے گلگت کی4 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ آپریشنل وجوہات کی بنا پر نجی ائیر لائن کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی جبکہ نجف سے لاہور کی غیرملکی ائیرلائن کی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ تربت سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت میں تیز بارش کے بعد کیچ کور اور سامی ندی میں طغیانی آ گئی۔ دو گاڑیاں پھنس گئیں جن کو پاک فوج نے ریسکیو کر لیا۔ گھنہ‘ ناصر آباد میں بارش‘ برسات سے کچے گھروں کو نقصان پہنچا۔ میرانی ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور ایف سی کے دستوں نے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کر کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں پھنسے بچوں سمیت 9 افراد کو نکال لیا۔ ریسکیو کئے گئے افراد کو قریبی ایف سی کور بلوچستان کیمپ میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ دریں اثناء سیلابی صورتحال کے بعد مکران کوسٹل ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔