مخالف کی سز اپر مٹھائیاں بانٹنا‘شادیانے بجانا اچھا عمل نہیں : اختر ڈار
شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ہونے والی سزائیں اور آج بغیر عدت کے نکاح کے کیس کا فیصلہ سنائے جانے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دشمن یا مخالف کی سز اپر مٹھائیاں باٹنا،شادیانے بجانا اچھا عمل نہ ہے اور اپنے اپنے دور اقتدار میں مخالفین پر جھوٹے مقدمے کراکر انہیں ناجائز طور پر زیر حراست رکھنا اور اپنی انا کی تسکین کی خاطر مخالفین کی تذلیل کرنا بھی قابل مذمت فعل ہے اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں اور آج بھی اسے دہرایا جا رہا ہے اختر ڈار نے کہاکہ مخالفین کو ہر طریقے ہر قسم کے وار اور حربہ سے گرانے کی روش کو ختم کرنا ہوگا اور اللہ سے ڈرتے رہنا ہوگا نہ کہ مقام عبرت آپ کے حصے میں آجائے جب تک تشدد مخالفین کو دبانے اور بدلے کی آگ کی سیاست کو دفن نہیں کیا جاتا تب تک پاکستانی سیاست میں خوشگوار ماحول ناپید رہے گا اور اس کے اچھے اثرات مرتب نہ ہوں گے ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔