• news

 فیصل آباد میں دوبارہ تعمیر وترقی کے سفر کا آغاز ہوگا، رانا ثنا 

مکوآنہ ( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ ملکی مفادات،اصولوں اور عوامی خوشحالی کی سیاست کی، 8 فروری کو فیصل آباد کے شیروں کی مدد اور ووٹ کی طاقت سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی تمام نشستیں جیت کراپنے محبوب قائد کی جھولی میں ڈال دی جائیں گی۔وہ  مسلم لیگ(ن) کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں دھوبی گھاٹ گراؤنڈ(اقبال پارک) میں  این این آئی سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر بہت بڑی تعداد میں کارکنان،پارٹی عہدیداران، امیدواران قومی وصوبائی اسمبلی، خواتین اور نوجوان موجود تھے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ وہ فیصل آباد کی دھرتی پراپنے قائد کوخوش آمدید کہتے اور لوگوں کا جذبہ دیکھ کر کامیابی کی پیشگی نوید بھی سناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدنواز شریف نے فیصل آباد کو گاؤں سے شہر بنا دیایہی نہیں بلکہ انہوں نے پورے پاکستان کو خوبصورت بنایا۔جتنی ترقی ان کے دور میں ہوئی تاریخ میں آج تک نہیں ہوئی اور اگر وہ تسلسل جاری رہتا تو آج پاکستان کی شکل کچھ اور ہی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں موجود نواز شریف کے جانثاروں نے ثابت کردیا ہے کہ فیصل آباد ان کا وہ مضبوط قلعہ ہے جس میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن