• news

 عوام سے دھوکہ کرنے والوںکی سیاست نالہ لئی میں ڈبونے کا وقت آ گیا: سراج الحق

راولپنڈی+اسلام آباد (جنرل رپورٹر، سٹاف رپورٹر+خبر نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ لیاقت باغ کے اس عظیم الشان جلسے میں آپ کی شرکت دیکھ کر 8 فروری کو فتح یقینی نظر آتی ہے۔ یہ دن پاکستان کی عوام کے لئے خوشی اور مسرت کا دن ہو جہاں رشوت، دہشت گردی نا ہو، جہاں انصاف کا حصول ہو۔ ہم چاہتے ہیں 8 فروری کو عوام کے حقیقی ترجمان ایوانوں تک پہنچیں۔ سراج الحق نے دعوی کیا ہے کہ 8فروری کو عوام ووٹ کے ذریعے پاکستان جماعت اسلامی کے سپرد کریں جماعت اسلامی قوم کو کرپشن و قرضہ فری پاکستان دے گی۔ ملک سے عیاشی و کرپشن کلچر کا خاتمہ کر کے سادہ طرز حکومت اور سادہ طرز زندگی کو فروغ دیں گے۔ جماعت اسلامی برسر اقتدار آنے کے بعد بطور وزیر اعظم پہلا دورہ فلسطین کا کروں گا کیونکہ کشمیر وفلسطین کی تائید و حمایت ہمارے ایمان اور غیرت کا تقاضا ہے۔ آزمودہ پارٹیوں کو ووٹ دینا آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ جعلی پولیس مقابلوں کی طرح سیاسی نورا کشتی کر رہی ہیں جو الیکشن کے بعد پھر ایک ہوجائیں گی۔ وقت آگیا ہے کہ عوام کو سبز باغ دکھا کر دھوکہ دینے والوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے نالہ لئی میں ڈبودیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، امیدوار پی پی 11 رضا احمد شاہ کے علاوہ شمس الر حمان سواتی، عمران شفیق، احسن ممتاز، حاجی رضوان، ظفر محمود، ظفر الحق، الظاف حسین، حاجی خضر حیات،  حافظ حبیب قریشی،بلال ظہور، ممتاز عباسی و دیگر نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جنہوں نے اس ملک کو 76 سالوں میں لوٹا ان کا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور الیکشن اپنی جگہ لیکن آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ آج 90 لاکھ نوجوان بے روزگاری اور ٹینشن کی وجہ سے نشے کی لعنت میں مبتلا ہیں۔ ہم ایسے تمام نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے بلاسود قرضے، زمینیں، ٹریکٹر، کھاد اور سستی بجلی دیں گے۔ ملک کے2کروڑ بے گھر افراد کو ان کی چھت دیں گے۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے گورنر ہاؤس، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہیں امریکی وائٹ ہاؤس سے بھی بڑی ہیں۔ جماعت اسلامی قتدار میں آکر عیاشی کلچر کو ختم کرے گی۔ راولپنڈی کا شیخ 7مرتبہ وزیر رہنے کے باوجود نالہ لئی ایکسپریس وے نہ بنا سکا۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کو سبز باغ دکھا کر دھوکہ دینے والوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے نالہ لئی میں ڈبودیا جائے۔ ہم ملک میں سادہ طرز حکومت اور سادہ طرز زندگی کو فروغ دیں گے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آج اسلام آباد کے عوام نے جماعت اسلامی کے حق میں ریفرنڈم کر دیا ہے۔ آٹھ فروری کو جعلی شیر کو پنجرے میں بند کریں گے۔ یہ تیر چلنے والے نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد سے جماعت اسلامی کے امیدوار میاں اسلم‘ چودھری کاشف اور ملک عبدالعزیز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا آٹھ فروری کو ایک دبئی جائے گا تو دوسرا لندن جائے گا، ان کی وجہ سے بجلی کا یونٹ 58 روپے کا ملتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن