آزاد کشمیر‘ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ
مظفر آباد‘ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) آزاد کشمیر کے علاقوں باغ‘ ہٹیاں بالا‘ دھیرکوٹ‘ راولاکوٹ اور پونچھ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز آزاد کشمیر راولاکوٹ کے قریب تھا۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 24 کلومیٹر زیرزمین تھی۔ زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔ لوگ خوفزدہ ہو کر کلمے کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے نکل آئے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع ژوب میں رات کے بعد علی الصبح بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ژوب میں زلزلے کی شدت3.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی24 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز ژوب سے33 کلو میٹر شمال مشرق میں تھا۔ خیال رہے کہ رات گئے ضلع لورالائی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جس کی شدت4.2 اور گہرائی18 کلومیٹر بتائی گئی تھی۔