چار سدہ: 2 قومی حلقوں میں اے این پی اور قومی وطن پارٹی کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی کے درمیان دو قومی اسمبلی کی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق این اے 24 چارسدہ پر اے این پی قومی وطن پارٹی کے حق میں اپنا امیدوار دستبرار کرے گی جبکہ این اے 25 چارسدہ پر قومی وطن پارٹی ایمل ولی خان کے حق میں اپنا امیدوار بٹھائے گی۔ این اے 24 پر قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ امیدوار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ این اے 24 پر اے این پی کے امیدوار عرفان عالم دستبردار ہوں گے اور اسی طرح این اے 25 چارسدہ پر قومی وطن پارٹی کے قیصر جمال دستبرداری کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنما پریس کانفرنس میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا باضابطہ اعلان کریں گے۔