امن مشن ‘ جنوبی سوڈان میں شہید سپاہی محمد طارق بدین میں فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) 29 جنوری 2024 کو اقوام متحدہ کے امن مشن کے دوران جنوبی سوڈان کے درمیان متنازعہ علاقہ میں گھات لگائے دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سپاہی محمد طارق شہید (ساکن بدین، سندھ) کو آبائی علاقے بدین میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران و جوان، شہید کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے امن دستے نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض سے لگن کے باعث خود کو ممتاز کیا ہے۔ اب تک 181 پاکستانی دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اندرون اور بیرون ملک ہر محاذ پر پاکستان کی سر بلندی کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔