سازش کے تحت ایک نمونے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا: رانا ثناء اللہ
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سازش کے تحت ایک نمونے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں نواز شریف ہی مسائل کا حل ہے، ان کے دور پاکستان ایٹمی طاقت بنا تو دنیا نے بائیکاٹ کیا لیکن نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور عالمی دباؤ سے بھی لڑے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2013 میں بھی دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مشکل حالات تھے، نواز شریف ملک کو 4 سال میں ٹریک پر لے آئے تھے لیکن ایک شخص کو مسلط کیا گیا جس نے ملک کی تعمیر و ترقی روک دی۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہم پر اعتماد کرے دعویٰ ہے پاکستان کو بحران سے نکالیں گے، ملک میں جو بڑا مسئلہ ہے وہ مہنگائی ہے، پاکستان کہیں نہیں جا رہا تاقیامت قائم رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے مہنگائی ہوئی، عام آدمی مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہے، پہلے بھی مسائل حل کیے اب بھی کر کے دکھائیں گے، لوگ 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر ہمیں کامیاب کروائیں۔ دوسری جانب پاکستان علما کونسل کے رہنماؤں نے رانا ثنا اللہ کی حمایت کا اعلان کیا۔ (ن) لیگی رہنما نے کہا کہ علامہ طاہر اشرفی کی حمایت پر شکر گزار ہوں، (ن) لیگ نے ہمیشہ مذہبی جماعتوں اور علما کا احترام کیا ہے۔