اقتدار میں آکر نوجوانوں کو نجی، سرکاری شعبوں میں کروڑ سے زائد نوکریاں دیں گے: علیم خان
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں بے روزگاری کا چالیس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ یہ لعنت نوجوانوں کی آنکھوں میں سجے سنہری خوابوں اور صلاحیتوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ باشعور عوام 8فروری کو درست فیصلہ کریں۔ انشاء اللہ ہم اقتدار میں آکر باصلاحیت یوتھ کو نجی اور سرکاری شعبوں میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دیں گے اور پہلے دن سے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے عملی ایجنڈے پر کام شروع کریں گے۔ این اے 117 میں بادامی باغ اور شاہدرہ کے علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہماری ریاست اور سیاست عدم برداشت، نفرت، گالی اور گولی کی متحمل نہیں ہو سکتی، ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر باہمی احترام اور قومی اتحاد و یکجہتی کو رواج دینا ہو گا، اس لیے ماضی میں ہونے والے بد انتظامی اور انتقامی سیاست کے واقعات دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے تاکہ ملک میں سیاسی کلچر تبدیل ہو سکے۔ عبدالعلیم خان نے 5فروری یوم کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے بھائیوں کے ساتھ ہے اور دعا گو ہے کہ انہیں جلد آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ شاہدرہ کے مسائل کے حل کے لئے ماسٹر پلان لائیں گے اور ایسی ترجیحات کا تعین ہو گا کہ لانگ ٹرم پالیسیوں کے ذریعے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں وہ تبدیلیاں لائی جا سکیں جو این اے117کے عوام کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران انہیں پی پی145 اور پی پی146کے دونوں صوبائی حلقوں سے بے حد پذیرائی ملی ہے۔ 8فروری کو قومی اسمبلی کی نشست پر عقاب اور صوبائی سیٹوں کے لئے شیر کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے کالا خطائی روڈ، جمیل پارک میں شاہد نذیر جٹ اور شاہ جہاں پارک فلور مل ایریا میں شاہ جہاں گیلانی کی طرف سے منعقدہ جلسوں سے خطاب کیا۔ عبدالعلیم خان نے بیگم کوٹ میں ملک احمد حسن کی رہائشگاہ پر عشائیے میں بھی شرکت کی۔