• news

مشرق وسطیٰ میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں پر مزید حملے کریں گے: امریکہ

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں مزید حملوں کا اشارہ دے دیا۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کو نشانہ بنانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں مزید حملوں کا ارادہ رکھتا ہے، ہم اس سلسلے میں مزید حملوں اور دیگر ایکشنز کا بھی سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں پر مزید حملوں کا مقصد یہ واضح پیغام دینا ہے کہ جب ہماری فورسز پر حملہ کیا جائے گا اور ہمارے لوگوں کو قتل کیا جائے گا تو امریکہ اس کا جواب دے گا۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے ایران کے اندر حملے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس حوالے سے امریکی فوج محتاط رہی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے گزشتہ دنوں عراق، شام اور یمن میں حملے کیے جن میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کو نشانہ بنانیکا دعویٰ کیا گیا ہے جب کہ امریکا کے ساتھ برطانیہ نے بھی ہفتے کی شب یمن میں حوثیوں پر حملے کیے۔

ای پیپر-دی نیشن