انتخابی مہم آج رات12بجے ختم، بیلٹ پیپرز ، انتخابی مواد کی ترسیل مکمل
اسلام آباد(وقائع نگار + نوائے وقت رپورٹ) ترجمان الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ عام الیکشن 2024 کی انتخابی مہم آج 6 فروری منگل کی رات12 بجے اختتام پذیر ہو جائے گی۔ ملک بھر میں انتخابی مواد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران تک ترسیل کا کام مکمل ہوگیا۔امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پاک فوج بدھ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 26 کروذ بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کر لی گئی۔ جبکہ امن وامان کی صورتحال اور انتخابی عمل کو مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ جبکہ پہلی بار شکایات درج کرانے کے لیے واٹس ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔ صوبائی سطح پر چار، 32 ریجنل جبکہ 144 ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ڈی جی آئی ٹی خضر حیات نے میڈیا کو بتایا کہ ای ایم ایس کی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، ای ایم ایس کو اس سے قبل 40 انتخابات میں استعمال کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریذائیڈنگ افسر ای ایم ایس کے ذریعے ریٹرننگ افسر کو نتائج بھجوائے گا۔الیکشن کمشن نے سوش میـڈیا پرپوسٹل بیلٹ پیپرز سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، امیدواروں کے پوسٹل پیپروں کی تعداد لکھی جارہی ہے، یہ گمراہ کن پراپیگنڈہ ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کامن ویلتھ آبزرور گروپ نے گروپ کے چیئر مین سابق صدر نائجیریا ڈاکٹر گْڈلک ابیل جوناتھن کی قیادت میں الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کامن ویلتھ آبزرور گروپ کے ارکان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عام انتخابات میں غیر ملکی آبزرورز کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کامن ویلتھ کے ارکان کو پاکستان میں انتخابات کے انعقاد اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔