یوم کشمیر پر پاکستان سفارتخانہ تہران میں تقریب‘کشمیریوں سے یکجہتی کرتے ہیں:ایرانی سفیر کاٹویٹ
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدم نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تہران میں پاکستانی سفارتخانے نے پیر کو ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں جموں و کشمیر پر مسلسل بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں میڈیا کے نمائندوں اور سفارتخانے کے سینئر افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدرمملکت، نگران وزیراعظم، نگران وزیر خارجہ اور نگران وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تہران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیری بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کا شکار ہیں، جس میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں شامل ہیں جو بی جے پی اور آر ایس ایس کے مشترکہ ‘‘ہندو راشٹرا’’ منصوبے کے تحت مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے تحت مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کے لیے بھیانک کشمیری مخالف پالیسیوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔