• news

  شافع اور سالک ہمارے گھروں پر چھاپے مروا رہے ہیں: قیصرہ سمیرہ الٰہی 

گجرات (پ ر) چودھری شجاعت حسین کی بہنوں بیگم قیصرہ الٰہی اور بیگم سمیرہ الٰہی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے بھائی چودھری شجاعت حسین کے بیٹے شافع اور سالک ہمارے گھر پر چھاپے مروا رہے ہیں۔ ظہور الٰہی ہاؤس جس کا پاکستان بھر میں ایک نام ہے اس کی تذلیل کر رہے ہیں۔ یہ دونوں بھائی ہماری خواتین اور ملازمین کو ہراساں اور تنگ کر رہے ہیں۔ بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا کہ میرے بھتیجے شافع اور سالک اتنے ہی بہادر ہیں تو میدان میں آکر الیکشن لڑیں، پولیس سے ملکر ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کریں۔ قیصرہ الٰہی نے کہا کہ یہ ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ خواتین سیاست میں آ گئی ہیں میں تو جب یہ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے تو اپنے والد چودھری ظہور الٰہی شہید کی گرفتاری کے بعد سیاست میں آئی تھی۔ چودھری پرویز الٰہی جیل میں ہیں اور مونس الٰہی ملک سے باہر ہے تو یہ کس سے ڈر رہے ہیں۔ بیگم سمیرہ الٰہی نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ پر پورا یقین ہے کہ ہم انشاء اللہ انہیں عبرتناک شکست دیں گے۔ کل رات کو شافع کی ایماء پر یہ پولیس لیکر ہمارے گھر میں گھسے ہیں۔ ان کو شرم آنی چاہئے کیا ایسے الیکشن کا مقابلہ ہوتا ہے۔ اگر خدا نے موقع دیا تو انہیں بتا دیں گے کہ یہ گجرات سے کونسلر بھی منتخب نہیں ہو سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن