• news

نوائے وقت میڈیا گروپ کے زیراہتمام لاہور میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نوائے وقت میڈیا گروپ کے زیر اہتمام چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری کی قیادت میں مظاہرہ و ریلی نکالی گئی۔ مظاہرے میں منیجر ہیومین ریسورسز چودھری شفیق سلطان، جی ایم اکاؤنٹس عماد صدیقی، ہیڈ آف آئی ٹی قیصر ندیم، سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو، سرکولیشن منیجرز صغیر امجد و نذیر عابد، خالد حسین رضا، الطاف حسین، حافظ عبد الباسط، محمد امین، محمد اسلم، محمد عباس، ذوالفقار علی، جارج بش، عبد الغفار اور دیگر کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی تسلط سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے نوائے وقت نے ہر اول دستہ کردار ادا کیا ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کو مانتا ہے نہ اس کی قراردادوں کو۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اس حوالے سے او آئی سی اپنا کردار ادا کرے اور مسلم ممالک بھارتی اشیاء کا بائیکاٹ کریں۔ بھارت نے کئی سال سے مقبوضہ کشمیر کا فوجی محاصرہ کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے لئے ہندوؤں کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ وادی میں بسا رہا ہے۔ اقوام متحدہ نوٹس لے۔ بھارت کشمیر میں ہولو کاسٹ کررہا ہے۔ کشمیریوں کی نسل کشی بند کی جائے۔ کشمیریوں کی جدو جہد جہد آزادی ان کی اپنی تحریک ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ کرنل احمد ندیم قادری نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ کشمیر کا مسئلہ برطانیہ کا پیدا کردہ ہے۔ اب یہ قرض اتارنا برطانیہ پر واجب ہے ورنہ تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن