کشمیریوں کیساتھ ہیں، بھارت دہشت گرد، عالمی خاموشی افسوسناک: وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرکیا۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان کی حکومت اور عوام یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں، یہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ پاکستانی اور کشمیری اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہیں۔ جموں و کشمیر میں جو ہو رہا ہے اس سے الگ نہیں رہ سکتے۔ ہم جموں و کشمیر تنازعہ کے اہم فریق ہیں۔ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور پوری دنیا میں کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔گزشتہ 45سالوں میں 96ہزار سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، ہزاروں خواتین کو ہراساں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مظالم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔عالمی برادری کو ان زیادتیوں کے مرتکب افراد کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ فلسطین کے حالیہ واقعات کے بعد دنیا کے امن پسند افراد کا ضمیر زندہ ہو گیا ہے۔ عالمی برادری کو بیدار ہونا چاہیے اور اس بربریت کا نوٹس لینا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں اور خونریزی پر بھارت کو جوابدہ ہونا چاہیے۔5اگست 2019ء سے کشمیریوں کو اپنی سرزمین سے بے گھر کرنے کیلئے مہم بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے۔ کشمیر میں واحد دہشتگرد بھارت ہے۔ ہم تنازعہ نہیں چاہتے، ہمارے پاس حملہ کرنے کی صورت میں زبردست اور موثر طریقہ سے جواب دینے کی قوت اور صلاحیت موجود ہے۔ بھارت اس حوالے سے ہمیں کئی بار آزما چکا ہے اور اگر دوبارہ کوئی خواہش ہے تو ہم اس کیلئے بھی تیار ہیں۔ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے، سخت ہنگامی قانون کو منسوخ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کریں گے۔ سفارتی مہم زوروشور سے جاری رہے گی۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
اسلام آباد+ لاہور+ واشنگٹن+ لندن + راولپنڈی (اپنے رپورٹرز اور نمائندگان سے + نوائے وقت رپورٹ) اسلام آ باد پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا، پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، ملک بھر میں ریلیاں، سیمینار اور خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی جبکہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں اسلام آباد میں دفترخارجہ سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں ترانے اور ملی نغمے بجائے گئے اور شرکا نے کشمیر کی آزادی اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نعرے لگا ئے۔ ریلی کی قیادت سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی اور ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کی۔ ریلی میں وفاقی وزرا مرتضی سولنگی، جمال شاہ، انیق احمد اور فواد حسن فواد بھی شریک ہوئے ہیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر سائرن بجائے گئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساگر نے کہا کہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ہوا ہے لیکن ہم ہمت نہیں ہاریں گے۔ امریکہ میں مقیم کشمیریوں ، پاکستانیوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ برطانیہ، فرانس،بلجیم، امریکہ اور دوسرے ممالک میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منایا۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام برمنگھم میں یکجہتی کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی ۔بارسلونا کی سڑکیں اس وقت ’’کشمیر کوآزاد کرو‘‘ اور’ فلسطین کو آزادکرو‘‘کے نعروں سے گونج اٹھیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے 8 فروری کو پیپلزپارٹی کی کامیابی بہت ضروری ہے۔ معاون خصوصی مشعال ملک نے کہا ہے کہ ستمبر کے الیکشن میں کشمیر میں ہندو اکثریت لانے کی کوشش ہو رہی ہے۔بھارت میں مسلمانوں کے تاریخی مقامات کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام وفاقی کالونی سے یوم یکجہتی کشمیر ریلی کا اہتمام کیا گیا، قیادت میں پی پی آزاد کشمیر گلگت بلتتستان اور پنجاب کے رہنما چودھری اسلم گل،چوہدری محمد ریاض اور دیگر رہنماء شامل تھے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام جی پی او چوک میں یکجہتی کشمیر جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ صدر خالد مسعود سندھو، چوہدری محمد سرور،انجنئیر عادل خلیق، ملک اعجاز،انجنئیرحارث ڈار، عمر عبداللہ، سمیت دیگر پارٹی عہدیداران نے خطاب کیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مال روڑ پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے آخری سانس اور خون کے آخری قطرہ تک جدوجہد کریں گے۔۔قوم کشمیر کا سودا کرنے والوں کا حساب لے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور دیگر حکمران جماعتوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا،مل کر خزانہ لوٹا ۔ عوام کے پاس بہترین موقع ہے ترازو پر مہر لگائیں، ہم آپ کو کلین، گرین، کرپشن فری پاکستان دیں گے۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، جماعت اسلامی کامیاب ہو کر یہاں اسلامی نظام نافذ کرے گی۔ کامیاب ہو کر پاکستان کو امریکا کے وفاداروں اور ایجنٹوں سے نجات دلائیں گے۔جماعت اہلحدیث پاکستان کے لاہور گوجرانولہ قصور شیخپورہ سیالکوٹ اوکاڑہ ساہیوال سندھ بلوچستان کے پی کے سمیت ملک بھر میں ریلیوں اور سیمینارزکا انعقاد کیا گیا، جماعت اہلحدیث کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی اور دیگر علماء نے خطاب کیا۔ورلڈپاسبان ختم نبوت، سول سوسائٹی ورکرزنے عالمی دہشتگردبھارت کے مقبوضہ کشمیرپرغاصبانہ قبضے،سفاکانہ کرفیو،وحشیانہ مظالم کیخلاف اور5فروی یوم یکجہتی کشمیرپرمظلوم ونہتے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے اخبارمارکیٹ کے باہریکجہتی کشمیرمظاہرہ کیا۔ مولانامحمدحنیف حقانی اور دیگر نے خطاب کیا ۔ جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدر علامہ حافظ ہشام الہٰی ظہیر کی اپیل پرملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منایا گیا۔علامہ حافظ ہشام الہٰی ظہیر نے امریکہ سے ویڈیو لنک کے ذرئعے اپنے پیغام میں کہا کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، عالمی برادری ان کے حقوق کیلئے آواز حق بلند کریں۔ تحریک لبیک پا کستان کے زیر اہتمام کشمیر سمیت پو رے پا کستان کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں جلسے،جلوس، ریلیاں اورپروگرام منعقد کیے گئے۔ امیر تحریک لبیک پا کستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ کشمیریوں کی غیر متزلزل جد و جہد نے بھارتی انسانیت سوز مظالم کا چہرہ بے نقاب کردیا۔جے یو آئی نے کشمیری عوم کے ساتھ یکجہتی کے لیئے مظاھرے اور ریلیاں نکالیں ۔لاہور میںاسلام پورہ بازار سے سول سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کھا کہ کہ مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق میں جاندار آواز بلند کی کشمیر کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے دنیا میں اسں مسئلہ کو اجاگر گیا۔ شیخوپورہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی جو تاریخی کمپنی باغ سے شروع ہوکر یادگار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عثمان جلیس اور سی آی او ایجوکیشن علی احمد سیان نے کی۔شیخوپورہ میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی ۔گوجرانوالہ نیو واسا لیبر یونین سی بی اے ریلی کی قیادت چٹھہ گروپ کے قائد سابق صدر جہازیب ارشاد چٹھہ ،صدر سہیل سہوترا نے کی۔ جماعت اہل سنت آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ دارالسلام سے جانشین صاحبزادہ پیر محمد داد رضوی امیر جماعت رضائے مصطفی پاکستان کی زیر قیادت یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ سالار خاکسار تحریک قاسم الکریم کی قیادت میں ریلی سے خطاب کیا ۔سنی اتحاد کونسل نے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں شیخوپورہ موڑ سے جی ٹی روڈ شیرانوالہ باغ تک ریلی نکالی۔ریسکیو 1122کے افسران، ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں نے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے ریلی کا انعقاد کیا۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام حافظ آباد میں کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ایک ریلی نکالی گئی ۔وفاقی دارالحکومت میں بھی شاہراہ دستور پر ایک واک کا اہتمام کیا، واک میں نگران وفاقی وزراء جمال شاہ، انیق احمد، فواد حسن فواد، مدد علی سندھی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ ملک کے تمام علاقوں کی طرح اسلام آباد میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں بڑی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منعقد ہوئی جس میں عوام طلبہ و طالبات اور ہر شعبہ زندگی سے وابستہ لوگ شریک ہوئے۔ راولپنڈی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ جماعت اسلامی، جماعت الدعوۃ ، جمعیت علمائے اسلام، سنی تحریک سمیت مختلف تنظیموں نے اتوار کے روز شہر و چھائونی کے علاقوں میں مختلف ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا۔ ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے وقار النساء کالج برائے خواتین میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ٹیبلو پیش کئے اور تقاریر کیں۔تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد کی ہدایت پر ملک بھرمیں ’’کشمیریوں سے رشتہ کیا،لااِلہ اِلاّ اللہ‘‘ کے سلوگن کے تحت مظاہرے کیے گئے اورکشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں۔لاہورمیں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد جمیل نے کہا کہ آزادی کے لیے شاندارجدوجہد پرکشمیریوں اورفلسطینیوں کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اوران کے شانہ بشانہ ہیں۔