گوجرانوالہ موٹروے سے لنک، کرتار پور کا دورہ، مختصر وقت میں جتنا کام کر سکتے تھے کیا: محسن نقوی
لاہور؍ گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ محسن نقوی فیصل آباد سے بہاولپور پہنچ گئے۔ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں او پی ڈی، سرجیکل وارڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ‘ بہاولپور سیف سٹی پراجیکٹ کا‘ تھانہ سول لائن کی اپ گریڈڈ بلڈنگ کا افتتاح کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کچے کے آپریشن میں مقامی پولیس نے بہت موثر کردار ادا کیا ہے۔ مقامی پولیس کو 3 اے پی سی گاڑیاں دی ہیں اور پرانی اے پی سیز کی مرمت کرا رہے ہیں۔ مختصر عرصے میں جتنا کام کر سکتے تھے کیا ہے۔ یہ سب میرا فرض تھا کوئی احسان نہیں۔ خالی منصوبوں کا اعلان کر دینے کا کوئی فائدہ نہیں، علاوہ ازیں منصوبے مکمل ہوں تو فائدہ ہے۔ 45 سال بعد چولستانی کاشتکاروں کو اراضی الاٹ کر دی گئی۔ محسن نقوی نے دورہ بہاولپورکے موقع پر 26 ہزار بے زمین کاشتکاروں کو فی کس ساڑھے 12ایکڑ اراضی کے الاٹمنٹ لیٹر دئیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشتکاروں کو زمین ملنے سے چولستان کا غریب خوشحال ہو گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کو ساڑھے 12 ایکڑ فی کس اراضی 5سال کی لیز پر دی گئی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کا کرتار پور کے دورہ میں شاندار استقبال کیا گیا۔ دربار سمیت کمپلیکس کے مختلف حصے دیکھے، زیرو لائن بارڈر ٹرمینل بھی گئے۔ لائبریری کا دورہ کیا۔ لنگر ہال میں وفد کے ہمراہ کھانا کھایا۔ محسن نقوی نے کہا کرتار پور میں 4 ہزار یا 4 لاکھ یاتری روزانہ آئیں استقبال کریں گے۔ بہت جلد یاتری گاڑی پکڑیں گے اور کرتار پور ماتھا ٹیکنے پہنچ جائیں گے۔ یوم کشمیر پر پیغام میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور ہم ہر حال میں ان کے ساتھ ہیں۔ 7دہائیاں گزر چکی ہیں اور تنازعہ کشمیر ابھی تک حل طلب ہے۔ یہ مہذب دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے بنیادی حقوق کی پامالی، بے رحمانہ قتل، عصمت دری اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیاہے۔ ادھر 5 ماہ کی ریکارڈ مدت میں گوجرانوالہ کو سیالکوٹ لاہور موٹر وے سے لنک کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ ایکسپریس وے کے میگا پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ گوجرانوالہ سے لاہور کا سفر صرف45 منٹ کا رہ گیا۔ جتنی دیر لاہور شہر سے ڈیفنس تک جانے میں لگتی ہے اتنی دیر میں گوجرانوالہ کے شہری لاہور پہنچ سکیں گے۔ گوجرانوالہ ایکسپریس وے پر روزانہ تقریباً 8500 گاڑیاں گزریں گی۔ گوجرانوالہ کے شہریوں کو گوجرانوالہ ایکسپریس وے کی مبارک دیتا ہوں۔ گوجرانوالہ ایکسپریس وے کے اطراف کمرشل ایریا ڈویلپ کیا جائے گا، گوجرانوالہ سیف سٹی پراجیکٹ شہریوں کیلئے بہت مفید ثابت ہو گا۔