• news

بھارت قابض‘ جلیل عباس: کشمیری ضرور سرخرو ہوں گے‘ مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (خبر نگارخصوصی +نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر قدیم حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے۔ گزشتہ 76 برسوں سے بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ہزاروں کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال شدید تشویش کا باعث ہے۔ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔ نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے بھارت کشمیر کو قبرستان بناکر یہ نا سوچے کہ وادی میں امن قائم کر دیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے دیرینہ مسائل میں سے ایک ہے لیکن بھارتی ہٹ دھرمی، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اب تک حل نہیں ہو سکا۔ ریاست جموں و کشمیر کے متعلق حتمی فیصلہ صرف کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا اور کشمیری عوام جبر، ناجائز قبضے کے خلاف جرات مندانہ جدوجہد میں ضرور سرخرو ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن