• news

113 فلسطینی شہید، پاکستان نے مزید 100 ٹن امداد بھیج دی، امریکی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

غزہ ؍ اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت مسلسل جاری ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں بمباری سے مزید 113 فلسطینی شہید ہو گئے۔ صہیونی فوج نے امداد کیلئے قطاروں میں کھڑے فلسطینیوں پر حملہ کر دیا۔ جبکہ فلسطینیوں کیلئے غذائی امداد لے جانے والی اقوام متحدہ کی عالمی امداد ایجنسی کے ٹرک پر بھی فائرنگ کی گئی۔ اسرائیلی فوج کی بمباری سے غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 27 ہزار 480 تک جا پہنچی  جبکہ 66 ہزار 800 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دو ہفتوں سے العمل ہسپتال کا محاصرہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ اسرائیلی  وزیراعظم نے کہا حماس نے قیدیوں کی رہائی کیلئے ایسے مطالبات پیش کئے ہیں جنہیں ہم قبول  نہیں کریں گے۔ برسلز میں اسرائیل کے حملوں میں صحافیوں کے قتل عام پر احتجاج کیا گیا۔ شمعیں روشن کرکے 99 فیصد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ سٹیفن نے نیتن یاہو سے ملاقات کرتے فلسطینیوں کیخلاف یہودی آباد کاروں کی پرتشدد کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ  انتونیوگوتریس نے اونرا کی غیر جانبداری کا جائزہ لینے کیلئے کمشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں غزہ کے مستقل حل پر بات چیت کی۔ تنازعہ کو پھیلنے سے روکنے کی اہمیت پر زر دیا۔ خطہ میں بڑھتی کشیدگی کے مستقل حل کی ضرورت پر زور دیا۔ غزہ جانے والے انسانی امداد کے ٹرکوں پر انتہاپسند اسرائیلیوں نے حملہ کر دیا۔ انتہا پسند یہودی آبادکاروں نے کرم ابوسالم بارڈر کراسنگ بلاک کردی جس کی وجہ سے انسانی امداد غزہ میں داخل نہیں ہو سکی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے خلاف اسرئیلی فوجیوں اور اسرائیلی آبادکاروں کی جارحیت جاری ہے۔ کرم ابو سالم سے غزہ جانے والی امداد پر اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کیا، سیکڑوں آبادکاروں نے امدادی ٹرکوں پر حملہ کر کے غزہ جانے سے روک دیا۔ دوسری جانب شمالی غزہ میں  3 معصوم بچے کچھ کھانے کو نہ ملنے پر شہید ہو گئے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے لاکھوں فلسطینی بدترین قحط کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ غزہ کے لیے پاکستان سے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ روانہ کر دی گئی۔  سامان روانگی کی تقریب میں پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران نے  امدادی سامان کی روانگی تقریب میں شرکت کی۔ خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، امدادی سامان کی وصولی کے بعد تقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔  امدادی  سامان کی چھٹی کھیپ 100 ٹن امدادی  سامان پر مشتمل ہے جس میں 30 ٹن موسم سرما کے لیے  خیمے اور کمبل جبکہ 70 ٹن طبی سامان اور خشک خوراک شامل ہیں۔  

ای پیپر-دی نیشن