ڈاکٹر وٹامنز تجویز نہیں کرینگے، 4 احتساب کورٹس خصوصی عدالتوں میں تبدیل
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دیدی گئی۔ انتخابات 2024ء کی انعقاد کیلئے انتظامات پر وفاقی کابینہ نے اظہار اطمینان کیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کہا ہے کہ پولنگ ڈے پر کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔ وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ کی پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔ لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ کی تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2023 سے ہو گا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر میجر عابد منصور خان کے لیے اْن کی خدمات کے اعتراف میں سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے "نوت شجاعت". ( Note-e-Shujaat) اور "نوت شرف" (Note-e-Sharf) کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر محمد اشرف خان، پروٹوکول افسر کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں آسٹریا کی حکومت کی جانب سے گولڈ میڈل وصول کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر ائیر کموڈور سید عمران علی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں پاکستانی سفارت خانہ ٹوکیو میں بطور ڈیفنس اتاشی خدمات سرانجام دینے پر ڈیفنس کوآپریشن ایوارڈ فرسٹ کلاس (Defence Cooperation Award First Class) کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز پر پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ ان عدالتوں کے ججوں کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز منظور کرلی گئی ہے۔ باقی ماندہ عدالتیں احتساب عدالتوں کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔ وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائینز گزشتہ کئی برسوں سے خسارے میں ہے۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں میں پی آئی اے کی مالی و انتظامی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت نجکاری کی سفارش پر فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ان ادویات کی قیمتوں کی ڈی- ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی جو کہ انتہائی ضروری ادویات کی نیشنل لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ ان تجاویز کے تحت نیشنل لسٹ میں موجود انتہائی ضروری ادویات کے علاوہ ادویات کی قیمتوں کو ڈرگ ایکٹ 1976 سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا اور ڈرگ پرائیسنگ پالیسی 2018 میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ مزید برآں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ڈاکٹر کی جانب سے مریضوں کو وٹامنز، ملٹی وٹامنز، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات تجویز نہیں کی جائے گی۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وٹامنز، ملٹی وٹامنز، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات کی فہرست مروجہ عالمی معیار کے مطابق مرتب کرے گی اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سے بھی رابطے میں رہے گی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 01-02-2024کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے تعیناتیوں اور اٹلی سے معاہدے سے متعلق فیصلے کئے۔ کابینہ نے کامسیٹ یونیورسٹی کو اٹالین یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی۔ وزارت سائنس کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظور لی گئی۔ وزارت خارجہ اور ایم ای سی نے معاہدے کیلئے این او سی جاری کر دیا۔ وفاقی کابینہ نے چیئرپرسن ٹیوٹا گل مینا بلال کا تنخواہ اور مراعات کا پیکج منظور کر لیا۔ گیارہ لاکھ سے زائد تنخواہ‘ سالانہ انکریمنٹ‘ گریجویٹی اور دیگر مراعات ملیں گی۔ وفاقی کابینہ نے سید عرفان علی کی بطور صدر انڈسٹریل بنک توسیع کی منظوری دی۔